فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ادارے کے آئندہ مالی سال 2026-27 کے لئے بجٹ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ بجٹ کی تیاری، مالی نظم و ضبط، ریونیو اہداف اور ترقیاتی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج،افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عدنان شہزاد، محسن بشیر، ولید خالد، افضال انصاری، رابعہ مبشرہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے گزشتہ مالی سال کے بجٹ پر عملدرآمد، آمدن و اخراجات اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ رواں مالی سال کے اختتام تک تمام مقررہ اہداف کے حصول کے لیے تیز رفتار اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبہ جات فوری طور پر اپنی بجٹ تجاویز مرتب کرکے شعبہ فنانس کو ارسال کریں تاکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بروقت اور مثر انداز میں تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی کفایت شعاری پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام بجٹ تجاویز کو مکمل طور پر ریشنلائز رکھا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے گریز یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سالانہ بجٹ کو شہری ترقی، جدید انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور ادارہ جاتی سروسز میں بہتری کے لئے موثر اقدامات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔




