PTIکس منہ سے فضل الرحمن کا بیانیہ اپنا رہی ہے، وفاقی وزیر

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے حالیہ بیانات کو بے بنیاد، حقائق کے منافی اور اقتدار سے محرومی کا غصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ مولانا پر ڈیزل پرمٹس، بارہ سو سے زائد شہدا کے پلاٹوں میں خرد برد اور جی ایچ کیو سے مبینہ جائیدادیں الاٹ کرانے کے سنگین الزامات لگائے مگر افسوس کا مقام ہے کہ آج مولانا فضل الرحمن اقتدار میں حصہ نہ ملنے کی پاداش میں انہی کے موقف اور بیانئے کی وکالت کر رہے ہیں۔پیر کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پچھلے چند روز سے شدید غصے اور ہیجان کی کیفیت میں مبتلا ہیں حالانکہ اسلام غصے کی حالت میں خاموشی اور ہوش مندی کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا بنیادی درد اقتدار اور کے پی حکومت کا نہ ملنا ہے، مگر اقتدار عوام کے ووٹوں سے ملتا ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام نے انہیں مسترد کر دیا، اب اگر سیاسی محرومی مقدر بنی ہے تو اس کی آڑ میں قومی اداروں اور پاک فوج کو نشانہ بنانا کسی بھی طور پر جائز نہیں۔حنیف عباسی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ اس لیے ناگزیر ہوا کیونکہ سابق پی ٹی آئی حکومت مکمل نااہل ہو چکی تھی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں