فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیور سٹی فیصل آباد کا ایک اور اعزاز۔ چین کے قونصل جنرل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو ان کی شاندار خدمات، بصیرت افروز قیادت اور پاکستان و چین کے درمیان مضبوط و پائیدار دوستی کے فروغ میں نمایاں کردار کے اعتراف میں پاک چین دوستی ایوارڈ عطا کیا۔ یہ اعزاز انہیں چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں پیش کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی کی خدمات کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی عزت و تعظیم کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی علمی برتری کے اعتراف میں صدرِ پاکستان کی جانب سے نیشنل لیول ایچ ای سی بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ 2020ء دیا گیا تھا۔ 2025ء میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کی جانب سے اکیڈمک ایکسی لینس ایوارڈ جبکہ ان کی تحقیقی خدمات کو پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے 2017ء میں بایوٹیکنالوجی کے شعبے میں گولڈ میڈل دیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں او آئی سی کے ذیلی ادارے برائے غذائی استحکام اسلامک آرگنائزیشن فار فوڈ سکیورٹی میں ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ پراجیکٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاک چین تعلقات کے تحت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 83 اساتذہ چینی جامعات سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکے ہیں۔ اسی طرح 50 سے زائد اساتذہ نے چین میں اعلیٰ تربیت اور فیلوشپس حاصل کیں۔ چینی شراکت داروں کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے اسمارٹ فارمنگ اور بائیوانرجی جیسے شعبوں میں 14 مشترکہ تحقیقی منصوبے مکمل کیے اور متعدد مشترکہ لیبارٹریاں قائم کیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو عالمی سطح کا مثالی ادارہ تسلیم کیا گیا ہے جس نے اب تک 35 ہزار سے زائد طلبہ کو چینی زبان کی تعلیم فراہم کی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ڈورم گندم کی قسم”چناب پاستا 24”اور کم گلُوٹن گندم کی قسم”چناب ایل جی”تیار کیں۔ ان کی قیادت میں جامعہ زرعیہ فیصل آباد نے انقلابی اقدامات کیے اور ادارے کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مؤثر پیش رفت جاری رکھی۔




