5

خصوصی بچوں کو سماجی خوشیوںمیں شامل رکھنا خوش آئند ہے،ڈی جیFDAآصف چوہدری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ خصوصی بچو ں کی بحالی کیلئے تعلیم وتربیت کے ساتھ انہیں سماجی خوشیوں کو شامل رکھنا خوش آئند اقدام ہے جس سے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور احساس محرومی کا خاتمہ ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بات تنظیم اللسان کے زیراہتمام خصوصی بچوں کیلئے منعقدہ ”ونٹر فیسٹول” میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، نائب صدورچوہدری سرفراز احمد، ڈاکٹر محمد قاسم ، جنرل سیکرٹری سبحان علی، ڈائریکٹر لیبر (ریٹائرڈ) چوہدری اسلم جاوید پرنسپل کلثوم افتخار، وائس پرنسپل شائستہ ارشاد، فیکلٹی ممبرز اور سول سوسائٹی کے افراد اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ونٹر فیسٹول میں کھانے پینے کی اشیا اور بچوں کی کھیلوں ودیگر دلچسپی کیلئے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے خصوصی بچوں کے عزم وجذبے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا مختلف معذوریوں میں مبتلا بچوں کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کے لئے تدریسی و تربیتی سروسز گرانقدر سماجی خدمت ہے۔ وہ فیسٹول میں شریک بچوں سے گھل مل گئے اور ان سے پیارو شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیاب اور فعال زندگی کی دعا کی۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے تنظیم اللسان کی طرف سے پلے گروپ سے پوسٹ گریجوایٹ کی سطح پر خصوصی طالب علموں کیلئے تعلیم و تربیت کی سہولیات اور بحالی کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ٹیچرز کے جذبہ خدمت کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار نے بتایا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و بحالی کے اقدامات کے علاوہ ان کی خوشی اور دلچسپی کیلئے مختلف اوقات میں باقاعدہ کھیلوں ، میلوں اور دیگر تفریحی سرگر میوں کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ ان میں پرسکون اور خوشیوں بھری زندگی کی کیفیت برقرار رہے۔اس سے قبل ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ونٹر فیسٹول میں شرکت کے لئے پہنچے تو انکا پرتپاک استقبال کیا گیا اور خصوصی بچوں نے ٹیبلو کی خوبصورت پرفارمنس پر انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ہوا میں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے۔ خصوصی بچوں نے جوش و خروش سے ونٹر فیسٹول میں حصہ لیا اور کھانے پینے کے سٹالز پر رونق میں اضافہ کرنے کے ساتھ مختلف کھیلوں میں بھرپورحصہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں