محکمہ واسا ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی ایک ماہ میں34کروڑ20لاکھ وصولی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس نے ماہ دسمبر کے دوران محکمہ کی تاریخ میں ریکارڈ 34کروڑ 20لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے جو کہ گزشتہ ماہ نومبر سے بھی20لاکھ روپے زائد ہے۔ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید کی زیر نگرانی اور ریونیو ڈائریکٹر محمد اقبال ملک، شہریار حسن اور سٹاف کی خصوصی محنت و لگن اور فرائض کی ذمہ دارانہ انجام دہی سے گذشتہ کئی ماہ سے ریکارڈ ریونیو ریکوری کے باعث واسا فیصل آباد کا خسارہ بتدریج کم ہو رہا ہے جبکہ اسی حکمت عملی پر عمل درآمد کرتے ہوئے آئندہ سال کے بجٹ تک واسا فیصل آبادکے ایک مستحکم پوزیشن میں آنے کے قوی امکانات ہیں۔ایم ڈی نے بتایا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے کی خصوصی ہدایت کررکھی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ شہریار حسن اور ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ محمد اقبال ملک نے خصوصی کاوشیں کیں اور ریونیو فیلڈ سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان سے ریونیو ریکوری کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجے میں دونوں ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے دسمبر کے مہینے میں 34 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری کی گئی جو کہ واسا کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔اس ریکارڈ ریونیو ریکوری پر انہوں نے ڈائریکٹرز ریونیو اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کو شہری اپنے ذمہ واسا کے واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی کو بروقت یقینی بنائیں تاکہ واسا کی ریونیو ریکوری میں اضافہ ہو سکے جس سے شہریوں کو مہیا کی جانے والی فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی عدم ادائیگی پر صارفین کے کنکشن بھی منقطع کئے جارہے ہیں اور اس پریشانی سے بچنے کے لئے صارفین اپنے ماہانہ بلز بروقت جمع کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں