فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب میں آئوٹ سورس کیے گئے سرکاری اسکولوں کو دوبارہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی تحویل میں لینے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب (SED)نے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن (PEF)کے حوالے کیے گئے PSRP فیز-I، II اور III کے اسکولوں کی واپسی کے حوالے سے ہنگامی زوم اجلاس طلب کر لیا ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے متعلقہ سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں PSRP کے تحت PEF کے حوالے کیے گئے اسکولوں کا مکمل ریکارڈ، اسکولوں کی موجودہ صورتحال، وجوہات اور ٹھوس دلائل کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں۔ذرائع کے مطابق بعض اسکولوں کی محکمہ تعلیم کو واپسی کے لیے عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات، مقامی آبادی کی شدید مزاحمت، طلبہ کی کم تعداد، اسکول عمارات کی خستہ یا خطرناک حالت، جبکہ بعض علاقوں میں رسائی کے مسائل اور حساس صورتحال جیسے عوامل زیرِ غور ہیں۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اس عمل کے تحت ہر ضلع سے متعلقہ اسکولوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد انہیں دوبارہ سرکاری تحویل میں لینے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔تعلیمی حلقوں نے اسکولوں کی واپسی کے معاملے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فیصلہ زمینی حقائق، طلبہ کے مفاد اور تعلیمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تو اس سے سرکاری تعلیمی نظام کی بہتری میں مدد مل سکتی ہے۔




