فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے تین خوش نصیب بورڈ ملازمین طلحہ مقبول’میاں محمد قاسم اور محمد فیاض میں چیکس تقسیم کرنے کی شاندار و پروقار تقریب چیئرمین آفس میں منعقد ہوئی۔ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے تینوں خوش نصیب ملازمین میں حج کیلئے چیکس تقسیم کئے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین نے کہا کہ حج ایک عظیم دینی فریضہ اور اللہ تعالی کی جانب سے بڑی سعادت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی منتخب ملازمین کے سفرِ حج کو آسان و ان کی عبادات کو شرفِ قبولیت بخشتے ہوئے انہیں خیر و عافیت کے ساتھ وطن واپس لائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور انہیں دینی و سماجی خوشیوں میں شریک کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حج کی سعادت کے لیے شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے ملازمین کا انتخاب ایک خوش آئند اقدام ہے۔ تقریب میں پرائیویٹ سیکرٹری ٹو چیئرمین رانا جمشید علی’ صدر بورڈ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ثاقب علوی’ جنرل سیکرٹری نسیم گجر’ اسسٹنٹ سیلری سیکشن محمد اسلم اور پی آر او بورڈ ساجد نقوی سمیت دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔ صدر اور جنرل سیکرٹری ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھی حج کے لیے منتخب ہونے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور چیئرمین بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔




