لاہور (بیوروچیف) ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مارکیٹ میں ایل پی جی سرکاری قیمت کے بجائے کہیں زیادہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہے، جس سے گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔سرکاری نرخ کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت 241 روپے مقرر ہے، تاہم مختلف علاقوں میں یہ 400 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منافع خوری کے باعث انہیں مجبوری میں مہنگے داموں ایل پی جی خریدنا پڑ رہی ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف موثر کارروائی کی جائے۔دوسری جانب دکانداروں کا موقف ہے کہ انہیں تھوک مارکیٹ سے ہی ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ہے، جس کے باعث سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سپلائی چین میں قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جاتا، ریٹیل سطح پر سرکاری نرخوں پر فروخت ممکن نہیں ہوگی۔شہریوں اور ایل پی جی ڈیلرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کی موثر نگرانی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین اور کاروباری طبقہ دونوں کو ریلیف مل سکے۔




