فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”ستھرا پنجاب پروگرام ” کے تحت فیصل آباد کو صاف ستھرا اور زیرو ویسٹ سٹی بنانے کے عزم کے ساتھ شہر میں صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عمران شمس کی ہدایا ت پر اینٹی لٹرنگ سکواڈ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر انسدادِ کوڑا کرکٹ مہم کے تحت آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس دوران شہریوں، دکانداروں اور بالخصوص ریڑھی بانوں کو صفائی کی اہمیت اور کوڑا کرکٹ مقررہ جگہ پر تلف کرنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔اینٹی لٹرنگ سکواڈ کی جانب سے شہریوں کو تلقین کی جا رہی ہے کہ وہ سڑکوں، فٹ پاتھوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر کچرا ہرگز نہ پھینکیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ شہریوں کو واضح کیا جا رہا ہے کہ انسدادِ کوڑا کرکٹ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانوں سمیت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اس موقع پر فروٹ اور سبزی کے ریڑھی بانوں کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ریڑھیوں کے قریب کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیں اور پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا کا ویسٹ مقررہ ڈسٹ بنز یا مختص مقامات پر ڈالیں۔




