بارشی پانی کا نکاس نہ ہونے سے رشید پارک جڑانوالہ میں درجنوں مکانوں کے فرش زمین بوس

جڑانوالہ (نامہ نگار) ایف ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کمیٹی کی مبینہ چشم پوشی کے باعث بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر رشید پارک میں درجنوں مکانوں اور مدرسے کا فرش زمین بوس ہو گیا دیواروں میں دراڑیں پڑنے سے مکین خوف کے سائے میں زندگیاں بسر کرنے پر مجبور ہو گئے،علاقہ مکینوں کا وزیراعلیٰ پنجاب،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے نوٹس لینے کا مطالبہ ، تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون کی بارشوں کے پانی کی بر وقت نکاسی نہ ہونے پر رشید پارک گلی نمبر 11اور 12میں درجنوں مکانوں اور مدرسے کا فرش زمین بوس ہو چکا ہے اور دیواروں میں ڈھاریں پڑنے سے میکنوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہیں اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایف ڈبلیو ایم سی کی ٹیموں نے انکے مکانوں کی بیک سائیڈ پر خالی پلاٹوں سے کچرا اور مٹی اٹھائی تھی جسکی وجہ سے بارش کے ایام میں خالی پلاٹوں میں 7فٹ تک پانی جمع ہو گیا اور پانی کی بر وقت نکاسی نہ ہونے پر انکے گھروں اور ایک مدرسے کا فرش زمین بوس ہو گیا ہے اہل علاقہ نے مزید الزام عائد کیا کہ پانی کی نکاسی کیلئے میونسپل کمیٹی اور (ایف ڈبلیو ایم سی) والوں سے رابطہ کیا گیا مگر دونوں ادارے کام کرنے کی بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتے رہے جبکہ سیوریج پائپ بھی بند ہو چکے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث انکے مکانوں کے فرش زمین بوس ہونے اور دیواروں میں ڈھاریں پڑنے سے انکی زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہے مہنگائی کے دور میں اب ان میں اتنی سکت نہیں ہیں کہ اپنے مکان دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ متاثرہ افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اداروں کی کوتاہی کا نوٹس لیکر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ انکے مکانوں کی دوبارہ بحالی کیلئے انکی مالی امداد کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں