فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آزادکشمیرکے الیکشن صاف شفاف اور جمہوری طریقے سے ہوئے ہیں اب سادہ اکثریت کے ساتھ حکومت بھی مسلم لیگ (ن )کی ہوگی فیصلے میاں نوازشریف خودکریں گے-کوئی الٹی گنتی نہیں اس طرح کی گفتگو انتخابی مہم میں ہوتی ہے اب سب ایک پیج پرہیں-ان خیالات کااظہارسابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن ٹریڈرزونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان کے ڈیرے پر این اے101 سے سابق ٹکٹ ہولڈر میاں عرفان منان کی زیرصدارت یوم آزادی کی منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی راجہ دانیال احمد’ سابق ارکان اسمبلی میاں عبدالمنان’ چوہدری فقیر حسین ڈوگر’ راناعلی عباس’ پی پی 112 سے امیدوار بیرسٹرعمراحمد منے خان’ سابق ٹکٹ ہولڈر شیخ محمد یوسف مسلم لیگ ن فیصل آباد سٹی کے سابق جنرل سیکرٹری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا-مقررین کاکہناتھاکہ بانی پاکستان کی تقلید اور ان کے اصولوں کے مطابق چلنا ہرمحب وطن کی ذمہ داری ہے ایک ایسی بھی جماعت ہے جسے پاکستان اورعوام کی نہیں صرف اپنے بانی کی ضرورت ہے-انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کی بہتری اورقومی امنگوں کے مطابق فیصلے کئے-آزاد کشمیر کے عوام نے مشکل حالات میں بہترین فیصلہ کیا۔دنگا فساد، قتل و غارت، خون خرابہ، احتجاج، ہڑتالوں کو آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے شکست دی، شرپسند عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑوانا چاہتے تھے، ان کے لیے شکست فاش ہے-آزاد کشمیرکے عوام نے تعمیر و ترقی کو ووٹ دیا۔




