ا سلام آباد (بیورو چیف)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کو 60ارب ڈالر اور بالخصوص 2035 تک 100ارب ڈالر کی برآمدات کے اہداف حاصل کرنے کے لیے روایتی کموڈیٹیز پر انحصار کم کرکے ویلیو ایڈیشن، برآمدی تنوع اور صنعتی انقلاب کی طرف بڑھنا ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کی زرعی برآمدات سے بھرپور استفادہ کرنے کے حوالے سے منعقدہ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مسابقت مسلسل بڑھ رہی ہے، بھارت کے پاس پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ ٹریکٹرز کی پیداوار اور استعمال کی صلاحیت موجود ہے جبکہ برازیل کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے نئے رجحانات پاکستانی برآمدات کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ صرف روایتی کموڈیٹیز پر انحصار پاکستان کو عالمی مسابقت میں کمزور کر سکتا ہے۔رانا احسان افضل نے کہا کہ پاکستان کو اپنی زرعی پیداوار کو ویلیو ایڈیشن کے ذریعے عالمی مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ تھائی لینڈ نے ڈرائی فروٹ اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں مہارت حاصل کرکے اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔




