اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، وقار، تحفظ اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ‘انہوں نے خصوصی افراد کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی اور عوامی مقامات تک آسان رسائی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بصارت سے محروم افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور زندگی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے ان کے اہلخانہ، معاشرتی معاونین اور متعلقہ اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، سفید چھڑی ایک اہم معاون ذریعہ ہے جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے ساتھ حصہ لینے اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے باصلاحیت افراد کی کامیابیوں پر فخر ہے، بالخصوص پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم کی خدمات قابل فخر ہیں، جو اقوام متحدہ کے اعلی عالمی سفارتی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جسمانی، سماجی اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے، انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سمیت خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔




