فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر مشتعل بیوی نے چھریوں کے وار کر کے خاوند کو قتل اور تین بچیوں کو بری طرح لہولہان کر دیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، مرنے والے باپ کی نعش مارچری یونٹ منتقل’ بیٹیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ سٹی جڑنوالہ کے علاقہ 126 گ ب میں گلشن بی بی کا اپنے خاوند محمد خالد سے جھگڑا ہوا اور رات کو میاں بیوی اور بچیاں گھر میں سو گئی تو آدھی رات کو گلشن بی بی نے شوہر محمد خالد کو چھریاں ماریں، خالد کے گلے اور پیٹ میں چھریاں مارنا جان لیوا ثابت ہوا جبکہ 10سالہ بیٹی انیقہ’ 8 سالہ عنائیہ اور 4سالہ عائزہ کو بھی گلے میں چھریاں مار کر بری طرح زخمی کر کے فرار ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی اہل محلہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا، محمد خالد کو تشویشناک حالت ہونے پر فیصل آباد ریفر کر دیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس نے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی۔




