ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شہری خوبصورتی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے صدر بازار، ٹیکو پارک اور ہائوسنگ کالونی پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ صدر بازار کے دورے کے دوران انہیں مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل کاشف محمود اور میونسپل کمیٹی کے افسر ولید عثمان بھی ہمراہ موجود تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صدر بازار میں کشادگی، سیوریج نظام کی بہتری، شیڈز اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کا کام جاری ہے جبکہ تجارتی مرکز کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے ایک خوبصورت فوارہ بھی نصب کیا جا رہا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹیکو پارک اور ہاوسنگ کالونی پارک کا بھی معائنہ کیا۔ ٹیکو پارک میں مصنوعی جھیل، جدید واکنگ ٹریک اور بچوں کے لیے جھولوں کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ ہاوسنگ کالونی پارک میں چاردیواری اور تزئین و آرائش کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں