تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر رانا شاہد مقرب) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی رہنمائی اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب مدثر ریاض ملک کی قیادت میں بیک ٹو سکول مہم 2026 کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول علامہ اقبال روڈ (کوتوالی روڈ) میں کیا گیا۔ تقریب کا مرکزی موضوع پڑھو گے تو بڑھو گے تھا۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیصل آباد مدثر ممتاز ہرل تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد رائو عبدالکریم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز محمد وسیم ساجد، محمد ذاکر، ڈاکٹر عذرا نسرین سید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز، سکول سربراہان اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مدثر ممتاز ہرل اور سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ طلبہ کے باقاعدہ داخلے کا عمل مکمل کیا، جبکہ طلبہ میں سکول بیگز اور ضروری اسٹیشنری بھی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مدثر ممتاز ہرل نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے اور ہر بچے تک معیاری تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہر بچے کا تعلیم حاصل کرنا بنیادی حق ہے، والدین اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروائیں تاکہ انہیں معیاری تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایا جا سکے اور وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔سی ای او ایجوکیشن رائو عبدالکریم نے اپنے خطاب میں سرکاری سکول سے تعلیم حاصل کرنے کے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی میں اساتذہ اور والدین کا اہم کردار رہا ہے۔ سرکاری سکول ہر بچے کو معیاری اور مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیک ٹو سکول مہم 2026 کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں، افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ کو اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔ داخلہ مہم کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ والدین اور عوام تک پہنچانے کے لیے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سمیت تمام موثر ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔رائو عبدالکریم نے محکمہ تعلیم کے افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کروانے اور مقررہ داخلہ اہداف کے حصول کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔تقریب کے اختتام پر تعلیم کے فروغ، سرکاری سکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں اضافے، بیک ٹو سکول مہم 2026 کو کامیاب بنانے اور مقررہ داخلہ اہداف کے حصول کے لیے اجتماعی طور پر بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں