فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن ضلع فیصل آباد کے صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ تمام بھٹہ مالکان کا آپس میں مضبوط اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی دفتر ڈیرہ چوہدری علی اصغر بھولا گجر شہید جھنگ روڈ پر ایگزیکٹو کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سر پرست اعلیٰ چوہدری اشرف گجر، ڈوژنل صدر حاجی اسلام، چیئر مین حاجی الطاف، جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی، سیکر ٹری فنانس میاں اسد یوسف، ایڈیشنل جنرل سیکر ٹری رانا رئوف خاں، نائب صدر رانا رشید خاں،بابر گجر،ذیشان اسلام، چوہدری ارسلان سنی،رانا عدنان، رانا نعمان اور دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال، خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور درپیش دیگر چیلنجز کے مقابلے کے لیے یکجہتی اور باہمی تعاون لازمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھٹہ مالکان کو درپیش تمام مسائل اور ناانصافیوں کے حل کے لیے ایسوسی ایشن ہر سطح پر بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ تاہم تمام مقاصد کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب تمام مالکان اتحاد و اتفاق کی فضاقائم رکھیں اور ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کے لیے ایک ہو کر آواز بلند کریں۔چوہدری عبدالرزاق باجوہ نے تمام بھٹہ مالکان پر زور دیا کہ وہ آپسی رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں اور انڈسٹری کے بقا و استحکام کے لیے متحد رہیں۔




