ساہیوال ( بیوروچیف) راہ حق ویلفیئر فائونڈیشن کے چیئر مین پی پی 198چو ہدری صغیر انجم نے کہا ہے کہ تہران میں پاکستان، ترکیہ، ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا اہم اجلاس خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی علاقائی امن و سلامتی کے لیے کوششیں پاکستان کے موثر سفارتی کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔ موجودہ علاقائی حالات میں پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خطے کے ممالک کے درمیان مذاکرات، باہمی اعتماد اور تعاون کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جنگ اور تصادم کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ، ایران اور سعودی عرب مسلم دنیا کے اہم ممالک ہیں اور ان کے درمیان بہتر تعلقات نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ اُمتِ مسلمہ کے مشترکہ مفادات کے لیے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان ممالک کو چاہیے کہ وہ باہمی اختلافات کم کرنے، علاقائی کشیدگی پر قابو پانے اور عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔انہوںنے مزید کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی امن و سلامتی سے متعلق کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی تعاون ضروری ہے۔ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے فروغ کا خواہاں رہا ہے۔اور امید ظاہر کی کہ تہران اجلاس کے نتیجے میں چاروں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔




