ساہیوال (بیورو چیف) اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے شہر میں پٹرول پمپس کی چیکنگ کے دوران عارف والا روڈ پر تین پٹرول پمپس کو پٹرول کی مقدار مقررہ پیمانے کے مطابق نہ ہونے اور ضروری دستاویزات نامکمل ہونے پر سیل کر دیا۔ انہوں نے شہر کے مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپے مارے اور وہاں پٹرول کی فروخت کے پیمانے، دستیاب ریکارڈ، متعلقہ اجازت ناموں اور دیگر قانونی تقاضوں کا موقع پر جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران بعض پٹرول پمپس پر مقررہ مقدار کے مطابق پٹرول کی فراہمی نہ ہونے جبکہ تین پٹرول پمپس کی دستاویزات نامکمل پائی گئیں جس پر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں پٹرول سمیت ضروری اشیاء کی مقررہ مقدار اور معیار کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ پٹرول پمپس مالکان کو ہر صورت پیمانے کی درستگی برقرار رکھنے، قانونی تقاضے پورے کرنے اور تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھنے کا پابند کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیمانے میں کمی، غیر قانونی طریقہ کار یا نامکمل دستاویزات کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔




