جشن عید میلاد النبیۖ پر سرگودھا میں مثالی اقدامات

سرگودھا(بیوروچیف)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر ضلع سرگودھا میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری کی قیادت میں عاشقانِ رسول ۖ کو بہترین سہولیات کی فراہمی، صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے جامع اقدامات کیے گئے۔ شہر سمیت ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں میلاد النبی ۖ کے جلوسوں اور محافل کے لیے ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں اور متعلقہ محکموں نے بھرپور خدمات انجام دیں۔جشن عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں کے روٹس، اہم شاہراہوں، بازاروں اور گلیوں کو صاف ستھرا اور کشادہ رکھنے کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا، جبکہ سرکاری عمارات، اہم مقامات، بازاروں اور مارکیٹوں میں خصوصی چراغاں بھی کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں اور جلوسوں کے شرکاء کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے، جہاں جلوسوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے جلوسوں اور محافل میں شرکت کی اور مختلف مقامات پر میلاد جلوسوں کا استقبال کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران بھی فیلڈ میں موجود رہے اور انتظامات کی مسلسل نگرانی کرتے رہے تاکہ کسی بھی مرحلے پر شرکاء کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جلوسوں کے شرکاء کے لیے مختلف مقامات پر سرکاری سطح پر سبیلیں قائم کی گئیں۔ ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے کیمپ اور موبائل سبیلیں بھی قائم کی گئیں جو جلوسوں کے روٹس پر موجود رہیں اور عاشقانِ رسول ۖ کو ٹھنڈا پانی، شربت اور جوس فراہم کرتی رہیں۔ مختلف مقامات پر مٹھائی کی تقسیم اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی کی ٹیمیں جلوسوں کے روٹس پر مسلسل متحرک رہیں۔ میونسپل اداروں اور واسا کی ٹیموں نے بھی صفائی، نکاسی آب اور دیگر ضروری انتظامات کے لیے فیلڈ میں موجود رہ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔واسا کی جانب سے کیمپ بھی قائم کیا گیا تاکہ جلوسوں کے دوران کسی بھی ہنگامی ضرورت پر فوری رسپانس دیا جا سکے۔ محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں بھی جلوسوں کے روٹس پر موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے گئے۔ فیسکو، سوئی گیس اور دیگر محکموں کی ٹیمیں بھی الرٹ رہیں تاکہ جشن عید میلاد النبی ۖ کی تقریبات کے دوران شہریوں کو بلاتعطل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ جشن عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں اور محافل کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہے جبکہ انتظامی افسران نے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا جہاں ضلع بھر میں منعقد ہونے والے میلاد جلوسوں اور محافل کی براہ راست مانیٹرنگ کی گئی۔ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے اور انتظامات کی نگرانی مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے کہ جلوسوں کے منتظمین اور عاشقانِ رسول ۖ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور تمام تقریبات پرامن، منظم اور خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں بھی صفائی، سکیورٹی، روشنی اور دیگر انتظامات کی نگرانی جاری رکھی جائے گی جبکہ انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں گی۔انہوں نے ضلع بھر کے شہریوں کو جشن عید میلاد النبی ۖ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول محبت، امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور سیرت طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر شہر، بازاروں، دکانوں اور گھروں کو خوبصورتی سے سجانے اور چراغاں کرنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بہترین سجاوٹ کرنے والوں کو انعامات دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں