حکومتی پالیسیوں نے نوجوان نسل کو مایوس کر دیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ، سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری ، سیکرٹری جنرل سید راشد گردیزی ، چوہدری ضمیر گجر صدر پنجاب شمالی، میا ں راشد حفیظ،محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ حکومت کی عوام بیزار پالیسیوں کاتسلسل ہے حکومتی بے حسی اور عوام کی بے بسی کی بدترین مثال قائم ہوچکی ہے۔ حکومت اپنی نااہلی و ناکامی کا بدلہ عوام کی زندگی کو اجیرن بناکر لے رہی ہے۔غریب عوام وسفید پوش طبقے اورنوجوان نسل کو مکمل طور پر زندگی سے مایوس کردیا گیا ہے۔عوام جینے سے زیادہ اپنے مرنے کی دعا وتدبیر کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہئے کہ وہ عوامی حقوق ہڑپ توکررہے ہیں اور رعایا کو زندہ درگورکرنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ عوام بے بس سہی لیکن ایک عدالت ایسی بھی لگے گی جہاں ایک ایک ظلم اور ایک حق حقدار کو دلایاجائیگا وہاں کوئی منصب وعہدہ واختیار تمہیں نہیں بچاسکے گا۔عوام کو ضروریات زندگی سے محروم کرناحکومتی پالیسیوں کا ثبوت ہے۔ امریکہ ایران جنگ رک چکی لیکن حکمرانوں کے عوام کو تباہ وبرباد کرنے کے حملے تواتر سے جاری ہیں۔ جس کی روز نئی مثالیں پیش کی جارہی ہیں۔ مسلسل مہنگائی اوربیروزگاری میں اضافہ سے عوام کی زندگی میں آسانی پیدا نہیںہورہی ہے کہ وہ سسک سسک کر مرنے کی بجائے خودکشیوں کے ذریعے حکمرانوں کی خواہش کو پورا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں