حکومت کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے الفتح سپورٹس کمپلیکس فیصل آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹیبل ٹینس اور سکواش کی نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر نے سپورٹس کمپلیکس میں کھیلوں کی مختلف سہولیات، انفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر کھیل نے الفتح سپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن کورٹ، کراٹے، میٹ ریسلنگ، جم اور فٹ بال گرائونڈ سمیت مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے کھیلوں کے میدانوں اور تربیتی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، تربیتی سرگرمیوں اور سپورٹس کمپلیکس کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں اس لئے حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کر رہی ہے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے کھیلوں کے میدانوں اور تربیتی مراکز کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ فیصل آباد میں کھیلوں کے میدانوں اور سپورٹس کمپلیکسز کو مزید فعال، بہتر اور جدید بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ کھلاڑیوں کو معیاری تربیتی سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر اور سازگار ماحول فراہم کرکے ان کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہر باصلاحیت نوجوان کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیت منوانے کا موقع ملنا چاہیے۔ پنجاب حکومت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش و تربیت کے لئے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سپورٹس کمپلیکس میں دستیاب سہولیات کو زیادہ سے زیادہ موثر انداز میں استعمال میں لایا جائے اور کھلاڑیوں کو بہترین ماحول اور معیاری تربیتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر اور محکمہ سپورٹس کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں