اسلام آباد (بیوروچیف) مالی سال 2026 -27 کے ابتدائی 2ماہ کے دوران پاکستان کی خدمات کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر28.89 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر خدمات کی برآمدات نے اہم کردار ادا کیا۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی اور اگست 2026 میں خدمات کی برآمدات ایک ارب 81 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایک ارب 41 کروڑ ڈالر تھیں۔اگست میں خدمات کی برآمدات 28.97 فیصد اضافے کے ساتھ 873.01 ملین ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال اگست میں یہ 676.91 ملین ڈالر تھیں۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دو ماہ کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی برآمدات 17.36 فیصد اضافے سے 811 ملین ڈالر ہو گئیں، جو گزشتہ سال 691 ملین ڈالر تھیں۔دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات 38.62 فیصد اضافے کے ساتھ 420 ملین ڈالر رہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ سروسز کی برآمدات 35.87 فیصد بڑھ کر 178 ملین ڈالر ہو گئیں۔سفر کی خدمات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 146.66 فیصد اضافے کے ساتھ 222 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 90 ملین ڈالر تھیں۔دوسری جانب مالی سال 2026-27 کے ابتدائی 2 ماہ میں خدمات کی درآمدات 9.77 فیصد اضافے کے ساتھ 2.37 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 2.16 ارب ڈالر تھیں۔ اگست میں خدمات کی درآمدات 2.53 فیصد اضافے کے ساتھ 1.15 ارب ڈالر رہیں۔




