دنیا کے متاثر ترین ایئرپورٹس میں ریاض ایئرپورٹ سرفہرست

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) حوثی ملیشیا کے تازہ حملوں کے باعث سعودی عرب کا فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے بعد دنیا کے متاثر ترین ایئرپورٹس میں سے ریاض کا کنگ خالد ایئرپورٹ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ ریاض کی 750 میں سے 446 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ ریاض سے موڑی گئی پروازوں کو دمام، مدینہ اور جدہ اتار لیا گیا، ریاض کا کنگ خالد ایئرپورٹ کئی گھنٹوں سے مکمل بند ہے اور پروازیں دیگر شہروں کو منتقل کی جا رہی ہیں۔جدہ ایئرپورٹ کی 830 میں سے 92 پروازیں متاثر ہوئیں، مدینہ ایئرپورٹ کی 230 میں سے 26 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، دمام کی 240 میں سے 39 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے کے بعد متعدد ایئر لائنز نے ریاض کیلئے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں، کویت ایئر ویز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ریاض آنے اور جانے والی اپنی 2 پروازیں ایئرپورٹ کی بندش اور سکیورٹی صورتحال کے باعث منسوخ کر دی ہیں۔اتحاد ایئر ویز نے بھی ابوظہبی اور ریاض کے درمیان اپنی متعدد پروازیں 12 اکتوبر تک منسوخ کر دی ہیں، ایئر انڈیا نے بھی ریاض کیلئے اپنی پروازوں کی معطلی میں 15 اکتوبر تک توسیع کر دی، فلائی دبئی، ترکش ایئر لائنز، لفتھانزا اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے بھی آئندہ چند روز کیلئے ریاض جانے والی اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے سعودی فضائی حدود سے متعلق اپنی ہدایات میں توسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ حوثیوں کی سعودی عرب کے اندر مزید اندر تک اہداف کو نشانہ بنانے اور ملک کے ہوا بازی کے بنیادی ڈھانچے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت ہے۔جرمنی، کینیڈا اور سپین نے بھی اپنے شہریوں کو ریاض، خصوصا شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کا سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں