ستھرا پنجاب پروگرام پر موثر اور نتیجہ خیز عملدرآمد یقینی بنایا جائے

سرگودھا( بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب ایجنسیز کی کارکردگی اور صفائی کے مجموعی نظام کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (میونسپل سروسز) / ایم ڈیز ستھرا پنجاب ایجنسیز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈویژن بھر میں صفائی آپریشنز، ویسٹ مینجمنٹ، فیلڈ سرگرمیوں، شہری شکایات کے ازالے اور صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے مجموعی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں فوری اور نمایاں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے ستھرا پنجاب پروگرام پر مؤثر اور نتیجہ خیز عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی آپریشنز کی روزانہ بنیاد پر مؤثر مانیٹرنگ کی جائے، فیلڈ افسران اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور ناقص کارکردگی والے علاقوں میں فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔ شہری شکایات کے بروقت ازالے اور صفائی کے معیار میں بہتری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔کمشنر نے واضح کیا کہ صفائی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ستھرا پنجاب ایجنسیز عملی کارکردگی بہتر بنائیں اور شہریوں کو صفائی کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف، سرسبز اور خوبصورت پنجاب کے وژن کے مطابق صفائی کے نظام کو جدید، مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور معیاری شہری سہولیات میسر آسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں