فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز سے ملاقات کے دوران ”ایک دن کا کمشنر” بننے کے لئے مقابلہ کا باقاعدہ اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ مقابلہ میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز سمیت سرکاری و نجی سکولوں کے نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں اعلی کارکردگی کے حامل طالب علم،او لیول کے سٹوڈنٹس بھی حصہ لے سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلہ کے لئے شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا اور9 نومبر کو اقبال ڈے کے موقع پر باقاعدہ تقریب میں ایک دن کے لئے بننے والے کمشنر فیصل آباد ڈویژن کا اعلان کیا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد کی دعوت پر آئے ہوئے پوزیشن ہولڈرز طالب علموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ آج پوزیشن ہولڈرز سے گفتگو کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے۔انہوں نے پوزیشن ہولڈرز،ایجوکیشن بورڈ کی انتظامیہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنا ذمہ داری ہے جس کا مان رکھ کر والدین،اساتذہ کا سر فخر سے بلند رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذہین طالب علم ہمارا روشن مستقبل ہیں جو زندگی میں آگے بڑھنے کا تعین کرکے منزل کی جانب گامزن ہوجائیں،نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔انہوں نے پوزیشن ہولڈرز سے بات چیت کی اور ان سے امتحانی نظام کی مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی لیں۔اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طالب علموں کے والدین نے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے بچوں کی پوزیشنز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد کی طرف سے مدعو کرنے پر شکریہ اداکیا۔چیئرمین ایجوکیشن بورڈ نے امتحانی نظام اور مارکنگ کے جدید طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔تقریب سے دیگر افسران نے بھی خطاب کیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین،سیکرٹری بورڈ،کنٹرولر امتحانات،ڈائریکٹر مسعود ٹیکسٹائل ملز ناصر علی ضیا اور دیگر افسران موجود تھے۔




