”ستھراپنجاب”مہم پر عملدرآمد طے شدہ پلان کے مطابق رکھا جائے

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت “ستھرا پنجاب” اور “پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام” پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری صفائی و ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے گوشالہ قبرستان میں جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کرتے ہوئے جھاڑیوں کی فوری کٹائی کے احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں بلال پارک میں زیرِ تعمیر زیرِ زمین واٹر سٹوریج ٹینک کا بھی جائزہ لیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منصوبہ بارش کے پانی کی نکاسی کے دیرینہ مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ ریچارج ویلز کے ذریعے زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے شہر بھر میں جاری گرینڈ صفائی آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ “ستھرا پنجاب” مہم پر عملدرآمد طے شدہ پلان کے مطابق جاری رکھا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ صفائی اور ترقیاتی کاموں میں معیار، رفتار اور تسلسل ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں