فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین کی جانب سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم مرحوم اور ریلوے کی لیبر یونین کے قائد محمد سرفراز خان مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس کے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن تھے۔ ریفرنس میں امیر العظیم مرحوم کے بڑے بھائی نور العظیم، ان کے بیٹے منیب العظیم جبکہ محمد سرفراز خان مرحوم کے بیٹوں وقار خان اور شہریار خان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر اظہر اقبال حسن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ پریم یونین اور ریلوے کے مزدوروں کو ہر قسم کے خوف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان اور ریلوے کی خدمت، اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی محکمانہ خدمات سرانجام دینی چاہئیں۔ اللہ اور جماعت اسلامی، پریم یونین اور ریلوے مزدوروں کے پشتیبان اور سرپرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی، لیوی و بھتہ ٹیکس کے خاتمے، آئی پی پیز کے ناجائز معاہدے ختم کرکے بجلی سستی کرنے اور دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے دھرنے اور تحریک کے ساتھ ساتھ وہ جلد بذریعہ ٹرین پورے ملک میں عوام اور مزدوروں کو آگاہ اور تیار کرنے کے لیے ٹرین مارچ کریں گے۔ اظہر اقبال حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر العظیم مرحوم اور محمد سرفراز خان مرحوم نے اپنی دنیاوی زندگی اللہ کی مخلوق کی خدمت اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے گزاری۔ آج سینکڑوں ریلوے مزدوروں کا یہاں جمع ہوکر ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مرحومین نے اپنی زندگی میں لوگوں کے دلوں میں جو مقام حاصل کیا، وہ آج بھی قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مرحومین ہم سب کے لیے رول ماڈل ہیں۔ شیخ محمد انور اور خالد محمود چوہدری نے اپنے خطابات میں دونوں مرحومین کے ساتھ اپنے دیرینہ روابط کا ذکر کیا اور ماضی کے مختلف واقعات حاضرین کے سامنے بیان کرتے ہوئے مرحومین کی ریلوے مزدوروں کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ امیر العظیم اور محمد سرفراز خان ریلوے اور ریلوے سے باہر حافظ سلمان بٹ مرحوم کے انتہائی قریبی ساتھی تھے۔ حافظ سلمان بٹ اور محمد سرفراز خان نے مل کر 1999 میں ریل مزدور اتحاد کے پلیٹ فارم پر ریلوے کی نجکاری کے خلاف کامیاب تحریک چلائی تھی۔ ریل مزدور اتحاد کے صدر حافظ سلمان بٹ اور محمد سرفراز خان کے درمیان انتہائی اعتماد پر مبنی ایک مضبوط رشتہ تھا۔اس موقع پر شیخ محمد انور نے محمد سرفراز خان مرحوم کے بیٹوں کو اسٹیج پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں انہیں کسی بھی پریشانی کا سامنا ہو تو پریم یونین ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔تعزیتی ریفرنس میں محمد سرفراز خان مرحوم کے دیرینہ ساتھی نذیر احمد اعوان، سلامت خان، رف خان، اکرام کندی، محمد عاصم اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں محمد سرفراز خان کی زندگی، ان کی خدمات اور مزدوروں کے لیے ان کی جدوجہد کا ذکر کیا اور اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے غمگین ہوگئے۔ریفرنس میں پریم یونین کے چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، محمد ارشاد، فیاض احمد، شہزاد، جنید خرم، تنویر حسین، محمد جمیل ملک، خضر حیات بیگ، اسد شاہ، رانا ظہیر، فرید وارثی، بلال اکرم، ذیشان شیخ، محمد عامر، طاہر گجر، محمد عثمان بلوچ، راجہ اکبر، واجد علی بابر، چوہدری اعظم، ناصر خان، ظہور شاہ، محمد خان، محمدرمضان ٹی ایکس آر، عمران مانی اور دیگر کی قیادت میں سینکڑوں ریلوے مزدوروں نے شرکت کی اور مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر نور العظیم، منیب العظیم، وقار خان اور شہریار خان نے پریم یونین، بالخصوص شیخ محمد انور صاحب کا تعزیتی ریفرنس منعقد کرنے اور مرحومین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ریفرنس کے شرکا نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امیر العظیم مرحوم اور محمد سرفراز خان مرحوم کی انسانیت، مزدوروں اور عوام کی خدمت کے لیے جدوجہد کو مشعلِ راہ بنایا جائے گا۔




