سرکاری اسلحہ و سامان کو بہترین حالت میں رکھا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال نے پٹرولنگ پوسٹ 270ٹوبہ ٹیک سنگھ کی فارمل انسپیکشن کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈی ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ آصف رحیم بٹ بھی پوسٹ پر موجود تھے۔ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس نے انسپیکشن کے دوران پٹرولنگ پوسٹ کے مختلف حصوں، ریکارڈ، سرکاری گاڑی، اسلحہ و دیگر سرکاری سامان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پوسٹ کی صفائی ستھرائی، رہائشی و دفتری امور اور مجموعی نظم و ضبط کا بھی معائنہ کیا۔مرزا انجم کمال نے اسلحہ و ایمونیشن کی صفائی، مناسب دیکھ بھال اور محفوظ رکھنے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سرکاری اسلحہ سمیت تمام سرکاری سامان کو ہر وقت صاف، محفوظ اور بہترین حالت میں رکھا جائے۔انہوں نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری، یونیفارم، ٹرن آٹ اور گشت کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ شاہرات پر گشت کو مزید موثر بنایا جائے، مشکوک افراد و گاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور شہریوں کو ضرورت کے وقت فوری مدد فراہم کی جائے۔ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس شاہرات پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور محفوظ سفری ماحول کی فراہمی کے لیے اہم ذمہ داریاں سرانجام دے رہی ہے۔ افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی مکمل ذمہ داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ ڈیوٹی میں غفلت، لاپرواہی یا نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران و اہلکار عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مشکل میں پھنسے مسافروں کو فوری اور ہر ممکن مدد فراہم کریں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں