گوجرہ (نامہ نگار )گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول گوجرہ میں سولر سسٹم فیز تھری کی تنصیب کے سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایجوکیشن ٹوبہ ٹیک سنگھ محترمہ راحیلہ جمیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور سولر سسٹم فیز تھری کا باقاعدہ افتتاح کیاجبکہ سکول کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) سیکنڈری ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری محمد شاہد خوشنود بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن محترمہ راحیلہ جمیل نے کہا کہ حکومت پنجاب معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات، طلبہ کو پینے کے صاف پانی کی سہولت اور گرین انرجی کے فروغ کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایک صاف ستھرا، صحت مند اور سازگار ماحول طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس حوالے سے سکولوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔محترمہ راحیلہ جمیل نے مزید کہا کہ سکولوں میں سولر انرجی کی فراہمی ایک اہم اور خوش آئند اقدام ہے، جس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی سے متعلق مسائل میں کمی آئے گی بلکہ تعلیمی سرگرمیوں کا بلا تعطل تسلسل بھی ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ تعلیمی ادارے ہی طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔بعد ازاں سی ای او ایجوکیشن محترمہ راحیلہ جمیل اور ڈی ای او سیکنڈری چوہدری محمد شاہد خوشنود نے سکول کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔




