سکول اوقات میں بجلی کی بندش ،طلبہ کو شدید مشکلات

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر)سکول اوقات میں بجلی کی بندش، شدید گرمی اور حبس میں طلبہ کا کلاس رومز میں بیٹھنا مشکل، بجلی کی مسلسل بندش سے بچے بلبلا اٹھے، تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ، بجلی کا متبادل انتظام نہ ہونے کے باعث والدین اور اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق موسم گرما کی تین ماہ کی طویل تعطیلات کے بعد ابھی سکولز کھلے ہیں اور سکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول پر آنے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم شدید گرمی اور حبس کے دوران سکول اوقات میں بجلی کی بندش نے طلبہ و اساتذہ کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید گرمی میں بچے کلاس رومز میں بیٹھنے پر مجبور ہیں، جس سے نہ صرف ان کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ تدریسی عمل بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ سکولوں میں بجلی کی بندش کے دوران مناسب متبادل انتظامات موجود نہیں، جبکہ شدید حبس اور گرمی میں کم عمر بچوں کے لیے کلاس رومز میں بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنا انتہائی دشوار ہے۔ اگر گرمی کی شدت کے باعث خدانخواستہ کسی طالب علم کو طبی مسئلہ پیش آتا ہے تو اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایجوکیشن رائٹس کمیشن پاکستان کے عہدیداران و ممبران محمد اسلم بٹ، حافظ نجف، مرزا ذوالفقار، علی اویس ورک، میاں طاہر، رانا شاہد خاں، رانا اشفاق خاں، نواز گجر و دیگر نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کو شدید گرمی اور حبس میں مشکلات سے بچایا جا سکے اور تعلیمی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں