شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے تاجروں کو کنگال کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وکیلاں والی نمبر 4 ‘ 7 اور کارخانہ بازار میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ نے تاجروں کو کنگال کر دیا ہے’ مگر بدقسمتی سے ابھی تک فیسکو سمیت ضلعی انتظامیہ یا پنجاب حکومت کے کسی وزیر’ مشیر نے ان دلخراش واقعات کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں’ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر کلاتھ بورڈ و اتحاد گروپ پاکستان الحاج نصیر یوسف وہرہ’ حاجی شیخ ظہیر و دیگر مقررین نے کپڑے سے منسلک تاجروں کے اجلاس کے شرکاء سے کیا’ اجلاس میں وکیلاں والی گلیوں1 سے 8 تک کی ایسوسی ایشنز کے صدور ملک گلزار’ حاجی عمران’ حاجی سیف اللہ’ حاجی عثمان ‘رانا عابد’ چوہدری آصف کمبوہ’ شیخ احسان’ شیخ عثمان’ اعجاز قادری ‘ ریاض چشتی و دیگر نے شرکت کی’ اجلاس میں فیسکو چیف انجینئر محمد عامر پنوں’ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے نتیجے میں تاجروں کے کروڑوں روپے کا نقصان کا ازالہ کیا جائے اور ایسے انتظامات کئے جائیں جن سے آئندہ اس قسم کا سانحہ رونما نہ ہونے پائے’ شرکاء اجلاس نے مطالبہ کیا کہ کوتوالی روڈ پر 1122 کی ایمرجنسی اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کا 24 انتظام کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع رونما ہونے کی صورت میں بروقت ایکشن ہو سکے اور بڑے سانحے سے بچا جا سکے’ اس کے علاوہ برقی تاروں سمیت ہر قسم کی تاروں کو انڈرگرائونڈ کیا جائے’ شرکاء اجلاس نے کہا کہ جتنی جلدی ہو سکے متاثرین کی مالی مدد کی جائے اور انہیں دوبارہ پائوں پر کھڑا کیا جائے’ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت کو خبردار کیا کہ اگر متاثرین کی مالی معاونت نہ کی گئی اور وکیلاں والی گلیوں کے مسائل حل نہ کئے گئے تو ہم شٹرڈائون ہڑتال کی کال دیں گے اپنی دکانوں کو تالے لگا کر چابیاں کمشنر آفس رکھ دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں