شعبہ تعلیم میںAIکے استعمال کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا شیڈول

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن کرکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی پیکٹا نے تعلیم میں مصنوعی ذہانت (AI)کے موثر استعمال کے لیے 680ماسٹر ٹرینرز کی تین روزہ تربیت کا شیڈول جاری کر دیا’ تربیتی پروگرام تعلیم پروجیکٹ کے تحت دو بیجز میں منعقد ہوگا، جس میں پہلے بیج کی تربیت 26 سے 28 اکتوبر جبکہ دوسرے بیج کی 29 سے 31 اکتوبر 2026 تک ہوگی،پیکٹا کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تربیت میں اساتذہ کو تدریس، سبق کی منصوبہ بندی، امتحانی جائزے، تعلیمی مواد کی تیاری اور طلبہ کی انفرادی ضروریات کے مطابق تعلیم میں AI کے استعمال کی عملی تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ اور اخلاقی استعمال، ڈیٹا کے تحفظ اور سائبر سکیورٹی سے متعلق امور بھی تربیت کا حصہ ہوں گے۔ تربیت ڈویژنل سطح پر مقررہ پیکٹا ہیڈ آفسز میں ہوگی، جہاں ہر بیج میں 340 ماسٹر ٹرینرز شرکت کریں گے۔ تمام نامزد شرکا کو لیپ ٹاپ اور چارجر ساتھ لانے، عملی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور تینوں روز مکمل حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تربیت مکمل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز بعد ازاں تعلیم پروجیکٹ کے تحت پرائمری سطح پر نامزد AI فوکل پرسنز کو بھی تربیت دیں گے، تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں