فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شوگر مافیا بے لگام، چینی کی قیمت 200 روپے فی کلوگرام ہونے کا امکان۔ ذرائع کے مطابق گنے کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے چینی کی پروڈکشن میں کمی کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ کی وجہ سے ملک بھر میں تقریباً 10لاکھ میٹرک ٹن چینی کی کمی کا سامنا ہے، جسکی وجہ سے آئے روز چینی کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران مارکیٹ میں چینی 160 سے 170 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہی ہے اور موسم میں شدت آنے سے مشروبات کے استعمال ہونے پر چینی کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ چینی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کے باعث چینی 200 روپے فی کلوگرام تک پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا نے قبل ازیں ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت سے اضافی چینی 10لاکھ میٹرک ٹن ایکسپورٹ کرنے پر اضافہ کیا اور موجودہ حکومت کو یقین دہانی کروائی تھی کہ چینی کی قیمتیں نہیں بڑھیں گی اور نہ ہی حکومت کو چینی امپورٹ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا نے دوران مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران 7لاکھ میٹرک ٹن سے زائد چینی ایکسپورٹ کی جا چکی ہے اور اب شوگر مافیا نے کہا ہے کہ ملک میں گنے کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کے باعث چینی کی پیداوار بھی کم ہے اور اس کے ساتھ ساتھ 7لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ ہونے کی وجہ سے شارٹ فال 10لاکھ میٹرک ٹن بڑھ گیا ہے اور شوگر مافیا چینی کی کمی کا بہانہ بنا کر اب حکومت کو مجبور کریگا کہ وہ چینی امپورٹ کریں اور اسکی آڑ میں آنے والے دنوں میں چینی کی کمی کے باعث قیمت 200 روپے فی کلوگرام سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ کاروباری وشہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے ایکسپورٹ اور پھر امپورٹ کر کے چینی کی قیمتیں بڑھانے والے شوگر مافیا کو لگام دی جائے۔




