فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے ون ونڈو کائونٹر پر گزشتہ سال کے دوران مجموعی طور پر2888درخواستوں کو مختلف شعبوں کی سروسز سے متعلق ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ 44 درخواستیں مختلف شعبوں میں زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے ہوئے بتائی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یا سر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہر ایوب و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اولین مشن ہے اس سلسلے میں ون ونڈو کاونٹر کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کے علاوہ سروس ڈیلیوری کے معیار میں اضافہ کیلئے متعدد اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے تفصیلات کے بارے میں بتایا کہ سال 2024 کے دوران شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلقہ 1970درخواستوں، ٹائون پلاننگ ون میں 833، ٹائون پلاننگ ٹو میں 105اور شعبہ کچی آبادی میں 80درخواست گزاروں کو سروسز فراہم کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یا سر اعجاز چٹھہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ون ونڈو کائونٹر پر جائیدادوں کی منتقلی، وراثتی انتقالات، ٹائون پلاننگ رپورٹس، تکمیلی سرٹیفکیٹس، مختلف این او سی اور اونرشپ سرٹیفکیٹس کے اجرا سمیت بلڈنگ پلان اورنجی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری کے امور کے بارے میں درخواستوں کو نپٹایا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل بلا تاخیر حل کئے جائینگے اور وہ کسی قسم کی شکایت کے بارے میں ان سے براہ راست ملاقات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کر کے انہیں فوری ریلیف فراہم کریں اور کسی قسم کے قانونی سقم یا محکمانہ پالیسی / قواعد وضوابط سے متصادم معاملے کے بارے میں درخواست گزار کو بر وقت مطلع کر دیا جائے لہذا کوئی فائل کسی بھی شعبہ میں بلاوجہ زیر التو انہیں رہنی چاہئے۔ شہریوں نے ایف ڈی اے میں سروس ڈیلیوری سے متعلق جدید اصطلاحات کو سراہا اور مسائل خندہ پیشانی سے سننے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کا شکر یہ ادا کیا۔




