فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن فیصل آباد کا ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر رائے عارف، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن فیصل آباد، ڈاکٹر محمد عرفان، جنرل سیکرٹری پی ایم اے فیصل آباد، ڈاکٹر طفیل محمد، ڈاکٹر سعادت نواز، ڈاکٹر عاطف، ڈاکٹر عبد الستار سمیت دیگر عہدیداران اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نجی کلینکس، میڈیکل پریکٹسز اور پرائیویٹ ہسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل نظام کے نفاذ کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طبی شعبے کو عام تجارتی کاروبار کے زمرے میں شامل کرنا مناسب نہیں۔پی ایم اے فیصل آباد کے رہنماں نے کہا کہ ڈاکٹرز مریضوں کو طبی، تشخیصی اور پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرتے ہیں، کوئی اشیا یا مصنوعات فروخت نہیں کرتے۔ ایک مریض اور معالج کے درمیان ہونے والا معاملہ بنیادی طور پر طبی خدمات کی فراہمی سے متعلق ہوتا ہے، اس لیے نجی کلینکس اور ہسپتالوں پر عام کاروباری اداروں کی طرز پر پوائنٹ آف سیل نظام کا نفاذ طبی برادری کے لیے شدید مشکلات پیدا کرے گا۔اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ پہلے ہی مہنگائی، ادویات اور طبی آلات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بجلی و دیگر اخراجات اور مختلف انتظامی و قانونی تقاضوں کے باعث نجی طبی ادارے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مزید پیچیدہ ٹیکس اور سافٹ ویئر سے متعلق تقاضے چھوٹے کلینکس، کنسلٹنٹس اور نجی ہسپتالوں کے لیے اضافی انتظامی اور مالی بوجھ کا باعث بن سکتے ہیں۔پی ایم اے فیصل آباد نے واضح کیا کہ طبی برادری ٹیکس قوانین کی پاسداری اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کے اصول پر یقین رکھتی ہے، تاہم طبی خدمات کو عام تجارتی فروخت کے برابر قرار دے کر پوائنٹ آف سیل نظام عائد کرنا قابلِ قبول نہیں۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر اس معاملے پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر نمائندہ طبی تنظیموں کے ساتھ فوری مذاکرات کریں اور طبی شعبے کی نوعیت، مریضوں کے مفاد اور عملی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے۔پی ایم اے فیصل آباد نے اعلان کیا کہ اگر اس مسئلے پر مناسب پیش رفت نہ ہوئی تو 30 ستمبر 2026 کو فیصل آباد کے نجی کلینکس اور ہسپتال احتجاجا بند رکھنے کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔اس سلسلے میں پی ایم اے فیصل آباد کی جانب سے جیل روڈ پر احتجاجی مظاہرہ اور ایف بی آر کے دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا جائے گا۔ پی ایم اے نے کہا کہ احتجاج کا مقصد طبی برادری کے جائز تحفظات کو متعلقہ حکام تک پہنچانا اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل حاصل کرنا ہے۔اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹرز اور طبی اداروں کے جائز حقوق، پیشہ ورانہ آزادی اور مریضوں کو بلا تعطل معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ایم اے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔




