عوامی مقامات کو تمباکو نوشی سے پاک کرنا ضروری ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویژ ن کو تمباکو نوشی سے پاک ڈویژن بنانے کیلئے کمشنر آفس میں ڈویژنل عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینیشن)فیصل آباد ڈویژن تنویر مرتضی نے عملدرآمد کمیٹی برائے انسداد تمباکو نوشی کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد تمباکو نوشی قانون پر عمدرآمد کو تیز کرنے اور فیصل آباد ڈویژن کوتمباکو سے پاک ڈویژن بنانے کے لئے عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فی الفورتمباکو نوشی قانون کی اٹھارہ سال سے کم عمروالے افراد کوسگریٹ فروخت کرنے، تعلیمی اداروں سے پچاس میٹرتک کے فاصلے پر سگریٹ فروخت کرنے والوں، امپورٹڈ اور کھلے سگریٹ فروخت کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عا ئد کریں۔ شیشہ اور دوسری تمباکونوشی مصنوعات عوامی مقامات پراستعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔اجلاس کے شرکا کو بریف کیا گیا کہ تمباکو نوشی سے روزانہ480۔افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں جبکہ1200 پاکستانی بچے روزانہ تمباکو نوشی شروع کر رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال12 لاکھ دوسرے درجے کی تمباکو نوشی سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ عوامی مقامات کو تمباکو نوشی سے پاک بنانا نہایت ضروری ہے۔اجلاس میں تمام اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، فیصل آباد سے ریجنل پولیس آفس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس، پنجاب فوڈاتھارٹی،فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان اور ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے انسدادتمباکو نوشی نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں