سرگودہا( بیوروچیف) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت شہری ترقی سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عمر فاروق، چیف آفیسر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا سید اسد عباس شیرازی، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک طاہر اور متعلقہ میونسپل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق شہر کی بہتری اور ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ کمشنر نے غلہ منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے مناسب جگہ کی فوری نشاندہی کی ہدایت جاری کی۔ اس کے ساتھ ساتھ کھلے مین ہولز کو فوری طور پر کور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر میں 870 مین ہولز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جن میں سے 666 پر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔کمشنر نے مون سون سیزن سے قبل شہر کے حساس مقامات کی نشاندہی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کو یقینی بنانے، سڑکوں کی لین مارکنگ، پیچ ورک، غیر قانونی پوسٹرز، بینرز و پینا فلیکس کے فوری خاتمے اور دکانوں کے سامنے یکساں قسم کی شیڈز کی تنصیب کی ہدایات جاری کیں۔




