اسلام آباد (بیورو چیف)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس کے دوران فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) حکام نے بتایا کہ سختی کرنے سے غیرقانونی طور پر جانے والوں میں 45فیصد کمی ہوئی ہے۔ اجلاس کے دوران ایف آئی اے حکام نے کہا کہ 160 افراد لیبیا اور 15 پولینڈ سے ڈی پورٹ ہوئے، ان کی منزل لیبیا نہیں تھی۔ انہوںنے کہاکہ60 ترکیہ سے ڈی پورٹ ہوئے جن کی منزل سعودی عرب یا کوئی اور ملک تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق یورپی یونین نے ویزا کیلئے ہم سے نرمی کا کہہ دیا ہے۔اس دوران کمیٹی چیئرمین رانا محمود الحسن نے کہا کہ دفتر خارجہ والے دستاویزات تصدیق کے نام پر لاکھوں روپے لے رہے ہیں، اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے 6 افراد پر پرچے کیے، وہ اگلے دن ضمانت کروا کر آگئے۔




