فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف شدید برہم’ ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق کی سرزنش۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز بذریعہ موٹروے ساہیوال گئیں یہاں انہوں نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔ جب محترمہ مریم نواز شریف سمندری موٹروے انٹرچینج پر موٹروے سے اتریں تو سمندری میں صفائی ستھرائی کا انتہائی برا حال تھا، سڑک کے اردگرد ہر طرف کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا تھا جس پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو فون کیا اور صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سرزنش کی اور کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔ اتنے فنڈز دینے کے باوجود صفائی کی ناقص صورتحال سمجھ سے بالاتر ہے۔ فوری طور پر صفائی کے انتظامات میں بہتری لائی جائے۔ یاد رہے کہ صرف سمندری ہی نہیں فیصل آباد کے شہری علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے۔ کئی علاقوں میں کئی کئی روز تک کوڑا کرکٹ نہیں اٹھایا جاتا۔




