لائیو سٹاک کا مویشی پال حضرات کیلئے آگاہی سیشن

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے ضلع فیصل آباد کے مویشی پال حضرات اور لائیو سٹاک سٹیک ہولڈرز کی آگاہی و رہنمائی کے سلسلے میں ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس آگاہی سیشن میں ڈاکٹر سہیل منظور، ڈائریکٹر بریڈ امپروومنٹ پنجاب نے ADP سکیم ”سی ایم پنجاب ہرڈ ٹرانسفارمیشن ٹو اینہانس لائیو سٹاک پروڈکٹیویٹی” کے اغراض و مقاصد اور اہم خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈاکٹر رفاقت، سینئر ویٹرنری آفیسر، ڈائریکٹوریٹ آف بریڈ امپروومنٹ پنجاب نے جدید بریڈنگ ٹیکنالوجیز، جینیاتی بہتری اور مصنوعی نسل کشی کی اہمیت پر جامع تکنیکی سیشن پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر روبینہ انجم، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد نے مقررین کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ جدید بریڈنگ ٹیکنالوجیز، جینیاتی اصلاح، ٹیگنگ و ٹریسیبلٹی اور مصنوعی نسل کشی کے ٹیکنیشنز (AITs) کے کردار کو مزید موثر بنا کر جدید سہولیات کے ثمرات حقیقی معنوں میں مویشی پال حضرات تک ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں۔ انہوں نے اس سکیم کو وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں