لائیو سٹاک کے شعبہ میں جاری اصلاحات کا جائزہ

اسلام آباد ( بیورو چیف)وزیراعظم شہباز شریف نیلائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو اورلائیو سٹاک کے لئے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاسز میں لائے گئے درآمد شدہ مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہئے۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی ہدایت کی۔ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے 2007ء میں قائم کیا گیا تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کر کے اسے ایک موثر اور فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے۔انہوں نے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا پلان جلد از جلد پیش کرنے اور لائیو سٹاک کے لئے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاسز میں لائے گئے درآمد شدہ مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں لانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ درآمد شدہ مویشیوں سے بذریعہ ویلیو ایڈیشن گوشت اور دودھ کی مصنوعات برآمد کی جائیں، لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، مویشیوں کے لئے جدید اور موثر ویکسین کی پیداوار کا قومی سطح کا پلانٹ اپنے وسائل سے قائم کرے گی۔وزیراعظم نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں مویشیوں کی ویکسین کا پلانٹ قائم کرنے کے حوالے سے حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں وزیراعظم کو لائیو سٹاک کے شعبے میں اصلاحات اور اس شعبے سے منسلک برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل شروع ہو چکا ہے، پاکستان میں مویشیوں کے لئے دستیاب ویکسین ڈریپ سے منظور شدہ نہیں اس لئے ملک میں مویشیوں کیلئے پیوریفائڈ ویکسین کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ درآمد کئے جانے والے مویشیوں کیلئے خصوصی بونڈڈ ویئر ہاسز کے قیام کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں