جڑانوالہ(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے ڈی ڈی ایچ او جڑانوالہ اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر جڑانوالہ کے ہمراہ شہر اور گردونواح میں صحت کے مراکز، فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف طبی مراکز کے انتظامات، ادویات کی دستیابی، ریکارڈ اور متعلقہ قانونی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس دوران اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ڈی ایچ او جڑانوالہ اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کی ٹیم نے فیصل آباد روڈ پر نیو سٹی کالونی کے قریب اڈہ جھال میں واقع حرم ہسپتال کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق معائنے کے دوران مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آنے پر ہسپتال کو سیل کر دیا گیا، جبکہ ڈی ڈی ایچ او جڑانوالہ کی جانب سے ہسپتال کا چالان تیار کرکے مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو بھجوا دیا گیا۔دوسری جانب ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر جڑانوالہ نے بھی ہسپتال میں ادویات اور ڈرگ قوانین سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق متعلقہ کیس مزید قانونی کارروائی کے لیے سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ فیصل آباد کو ارسال کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ صحت کے مراکز میں قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو معیاری علاج معالجہ اور محفوظ ادویات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی پریکٹس، غیر معیاری ادویات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی ڈی ایچ او جڑانوالہ نے کہا کہ طبی مراکز کی چیکنگ کا مقصد شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں بھی صحت کے قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی، وہاں ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کیس متعلقہ فورم کو بھجوایا جائے گا۔ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر جڑانوالہ کا کہنا تھا کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز میں ادویات کے معیار، ایکسپائری، اسٹاک، خرید و فروخت کے ریکارڈ اور دیگر قانونی تقاضوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے میڈیکل اسٹور مالکان کو ہدایت کی کہ ادویات کی فروخت میں تمام قانونی ضوابط کی پابندی یقینی بنائیں بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ڈی ایچ او اور ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے مختلف فارمیسیز اور میڈیکل اسٹورز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود ادویات، ریکارڈ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔کچھ فارمیسیز سے میڈیسن کے سیمپل لیے جو کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے لیے فیصل اباد بھجوا دیے گئے حکام نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے متعلق معاملات میں کسی قسم کی غفلت یا قانون شکنی پر کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی جانب سے صحت کے مراکز اور میڈیکل اسٹورز کی اچانک چیکنگ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے معائنے مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو معیاری علاج معالجہ اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔




