مبینہ پولیس مقابلے،ریکارڈ یافتہ1ڈاکو ہلاک،2زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر مبینہ 3 پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑے گئے، پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے زخمیوں کو طبی ماداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر سب انسپکٹر محمد علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 209 چک کے قریب ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام تنویر ولد نصیر بتایا جسے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ جبکہ دوسرا مقابلہ ریلوے لائن منصورآباد کے قریب پیش آیا جہاں پر ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ سب انسپکٹر غازی رانا رضوان جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام شان علی بتایا جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا، جو کہ ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ علاوہ ازیں تیسرا مبینہ مقابلہ سرگودھا روڈ کے علاقہ میں ہوا جہاں پر بھی ریکارڈیافتہ ڈاکو عمران خالق سکنہ 163 رب چک جھمرہ اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری اور زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں