فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں لرننگ ریسورس سنٹرکے زیر اہتمام کوہا لائبریری مینجمنٹ سسٹم اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس فار ماڈرن لائبریریز کے موضو ع پر تین روزہ پروفیشنل ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز)نے کہا کہ موجودہ دور میں لائبریری پروفیشنلز کے لیے مسلسل سیکھنے، خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مصنوعی ذہانت سمیت نئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپس سیکھنے کی ابتدا ہوتی ہیں، اصل کامیابی حاصل شدہ علم کو عملی زندگی میں بروئے کار لانے اور دوسروں تک منتقل کرنے میں ہے۔وائس چانسلر نے شرکا پر زور دیا کہ وہ ورکشاپ کو محض سرٹیفکیٹ تک محدود نہ رکھیں بلکہ حاصل کردہ مہارتوں کو اپنے اداروں میں استعمال کریں اور باہمی نالج شیئرنگ اور ریسورس شیئرنگ کے ذریعے پوری پروفیشنل کمیونٹی کو فائدہ پہنچائیں۔ انہوں نے کنوینئر لائبریری کمیٹی ڈاکٹر صائمہ اکرم اورڈپٹی لائبریرین جی سی ویمن یونیورسٹی مصباح بشیر اور چیف لائبریرین یونیورسٹی آف ایگری کلچرعمر فاروق کی ورکشاپ کے انعقاد کے لیے کاوشوں کوسراہا۔تین روزہ ورکشاپ میں فیصل آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے 60 لائبریری پروفیشنلز اور طلبہ نے شرکت کی۔ شرکا کو کوہا لائبریری مینجمنٹ سسٹم لائبریری آٹومیشن، کیٹلاگنگ، ڈیجیٹل وسائل اور مصنوعی ذہانت کے جدید استعمالات کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا ء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ ورکشاپ کا انعقاد لرننگ ریسورس سنٹر (LRC)، گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے کمیونٹی آئوٹ ریچ پروگرام کے تحت کیا گیا۔




