کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، یہ کاروبار نہ صرف روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرتے ہیں بلکہ مقامی صنعت’ تجارت’ پیداوار اور برآمدات کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں ایس ایم ایز کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دینا بے جا نہیں، کیونکہ لاکھوں افراد کا روزگار چھوٹی دکانوں’ ورکشاپس’ گھریلو صنعتوں’ زرعی کاروباروں اور مختلف خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے وابستہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے قرضوں کی فراہمی آسان بنانے پر توجہ دینا معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں کاروبار شروع کرنے اور اسے وسعت دینے کے خواہش مند افراد کو اکثر سرمایہ کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بہت سے ہنرمند نوجوان اپنی صلاحیتوں کے باوجود محض مالی وسائل نہ ہونے کے باعث عملی میدان میں قدم نہیں رکھ پاتے۔ اسی طرح پہلے سے کاروبار کرنے والے افراد کے لیے جدید مشینری خریدنا’ خام مال حاصل کرنا’ دکان یا کارخانے کو وسعت دینا اور ملازمین کی تعداد بڑھانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اگر ایسے افراد کو مناسب شرائط پر بروقت قرض فراہم کیا جائے تو وہ اپنے کاروبار کو ترقی دینے کے ساتھ دوسروں کے لیے بھی روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں’ روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہو گا۔ ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی’ کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے۔ ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے۔ ایس ایم ایز جن کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے ان کو قرضوں کی فراہمی کے لیے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے۔ ایس ایم ایز کے کیش فلو کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے۔ انہوں نے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط پر نظرثانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ کے اجراء اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ مجموعی طور پر ایس ایم ایز کی ترقی پاکستان کی معاشی خودانحصاری’ روزگاری میں اضافے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کاروبار شروع کرنے کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں’ ہنرمند افراد اور محنتی تاجروں کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ مضبوط ایس ایم ایز مضبوط معیشت کی بنیاد ہیں اور ان کی ترقی پاکستان کے لیے خوش حالی’ خودانحصاری اور بہتر مستقبل کی راہیں ہموار کر سکتی ہے۔




