مون سون سیزن میں نشیبی علاقوں میں سٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے خبردار کیا ہے کہ ڈویژن بھر کی نجی ہائوسنگ سوسائٹیز میں مین ہولز سو فیصد کور نہ ہونے پر ذمہ داران جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز3دن کے اندر اپنا فو کل پرسن نامزد کردیں جس کے بعددوران انسپکشن اگر کسی سوسائٹی میں مین ہول کھلا نظر آیا تو این او سی دینے والے محکمہ کا متعلقہ آفیسر بھی محکمانہ ایکشن کی زد میں آئیگا۔انہوں نے یہ ہدایات مون سو ن سیزن کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔کمشنر نے واسا اور محکمہ انہار سے مون سون انتظامات بارے بریفنگ لی اور واسا کو مون سون سیزن کے دوران نشیبی علاقوں میں مشینری بمعہ سٹاف متعین رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واسا کو سیوریج لائن سے محروم علاقوں کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ مون سون سیزن کے حوالے سے تیاریوں پر مشتمل چیک لسٹ وضع کی جائے۔کمشنر نے کہا کہ بارش کی پشین گوئی پر نشیبی علاقوں میں واسا ٹیمیں فیلڈ میں نظر آنی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا مون سون بارشوں کے دوران ویسٹ واٹر خارج کرنے والی انڈسٹری کی نشاندہی کریں تاکہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اوور فلو کرنے والی انڈسٹری شٹ ڈان کرائے۔انہوں نے محکمہ انہار کی طرف سے فلڈ کنٹرول پلان انتظامات پر بریفنگ بھی لی اورہدایت کی کہ دریا کے بندوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ایم ڈی واسا ثاقب رضا اور محکمہ انہار کے افسران موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں