فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ علی گارڈن مکوآنہ میں گھریلو ناچاقی پر نوجوان نے خون کی ہولی کھیلتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر کے بیوی اور دو بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، تہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی’ تاہم آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر سے رپورٹ طلب کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ مکوآنہ مائی مستانی روڈ پر واقع علی گارڈن کے رہائشی جاوید اقبال جو کہ راج گیری کا کام کرتا ہے اور وہ مبینہ طور پر معاشی حالات سے بھی تنگ تھا اور جسکی وجہ سے گھر میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ گھریلو حالات کی وجہ سے گزشتہ شب ملزم جاوید اقبال نے پسٹل سے فائرنگ کر کے سوتے میں بیوی صائمہ بی بی اور دو بیٹیوں 17سالہ ام حبیبہ اور 12سالہ عائشہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ تہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی ایس پی جڑانوالہ حافظ امتیاز’ ڈی ایس پی سرکل’ ایس ایچ او کھرڑیانوالہ سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، تہرے قتل کی واردات پر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد مقتولین کے گھر کے باہر جمع ہو گئی۔ تاہم پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قتل کی اصل وجوہات جاننے کیلئے قاتل جاوید اقبال کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے انچارج انوسٹی گیشن تھانہ کھرڑیانوالہ سب انسپکٹر گلزار احمد سپرا کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوئوں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔




