مکوآنہ کی حدود میں بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان برآمد،ایک ملزم گرفتار

جڑانوالہ(نامہ نگار)انچارج چوکی مکوآنہ پولیس شیر نواب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں تیار آتش بازی کا سامان و آتش گیر مواد قبضہ میں لیکر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے، ساتھی فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کی حدود انچارج چوکی مکوآنہ رائے شیر نواب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر آتشبازی کا سامان تیار کرنے والے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے اور فصلوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔ انچارج چوکی مکوآنہ رائے شیر نواب نے خفیہ اطلاع پر پولیس ریڈنگ ٹیم کے ہمراہ چک نمبر 229ر-ب میں واقع زرعی رقبے پر اچانک چھاپہ مارا،جہاں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطرناک آتش بازی کا سامان اور پٹاخے تیارکئے جا رہے تھے،پولیس ٹیم کو دیکھ کر ملزمان نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی،تاہم پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے ایک ملزم حنیف کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی عمران عرف بگو قریب موجود فصلوں کا سہارا لے کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے موقع سے آتش بازی کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد جن میں 5بورے سنگ دو بنڈل ماربل سفیدی، 3بورے ٹوکریاں (پلاسٹک)10عدد تیار شدہ پٹاخے (برآمد ہوا) تحویل میں لے لئے ہیں جبکہ گرفتار ملزم پولیس کو آتش بازی کا مواد تیار کرنے یا رکھنے سے متعلق کوئی قانونی لائسنس یا اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہا، پولیس چوکی مکوآنہ نے مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں