نادہندگان کیخلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے،آصف چوہدری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکم دیا ہے کہ ریونیو ریکور ی کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے جاری اقدامات کو نتیجہ خیز بنائیں اس سلسلے میں نادہندگا ن کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے یہ حکم سرکاری واجبات کی وصولی کے حوالے سے مقررہ اہداف کے حصول کی پیش ر فت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے جاری کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس کے دوران مختلف شعبہ جات کی جانب سے ریونیو ریکوری کی پیش رفت، واجبات کی وصولی، زیرِ التوا کیسز اور آمدن کے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی رقوم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے ادارے کے مقررہ ریونیو اہداف، اب تک حاصل ہونے والی وصولیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے جامع اور موثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی مالی خودکفالت اور ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ریونیو ریکوری بنیادی اہمیت رکھتی ہے، لہذا اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ واجبات کی وصولی کے لیے متعلقہ افسران فیلڈ میں موثر نگرانی یقینی بنائیں، ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھا جائے اور ریونیو سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔ انہوں نے افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور مقررہ اہداف کے مقابلے میں پیش رفت کی موثر مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ محمد آصف چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے کے مالی وسائل میں اضافہ، ریونیو ریکوری کے نظام میں بہتری اور ادارے کی آمدن کو مستحکم بنانا انتظامی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں پر موثر انداز میں عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں